علی گڑھ5ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کامرس شعبہ کے سینئر استادپروفیسر بدر عالم اقبال کے ملازمت سے سبکدوش ہونے پر ایک پروگرام کا انعقادکیاگیاجس میں انہیں شعبہ کے اساتذہ نے الوداعیہ دیا۔اس موقع پر کامرس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر نواب علی خاں نے ان کے علمی حاصلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پروفیسر بدر کی شناخت صرف قومی سطح پر ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہے۔انہوں نے پروفیسر اقبال کے انتظامی حاصلات کا بھی ذکر کیا۔ پروفیسر نواب علی خاں نے کہا کہ پروفیسر اقبال ہمیشہ اپنی ڈیوٹی اور خدمات کے تئیں پُر عزم رہے۔کامرس شعبہ کے سربراہ پروفیسر ایم محسن خاں نے بھی پروفیسر بدر عالم اقبال کے ساتھ گزرے دور کا ذکر کیا۔ ان کے علاوہ پروفیسرایس ایم امام الحق، پروفیسر ایس حسین اشرف، ڈاکٹر محمد آصف خاں، ڈاکٹر ایم شمیم اور ڈاکٹر آصف چودھری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر انور نے دل کو چھو لینے والا گیت پیش کیا۔پروفیسر بدر عالم اقبال نے کہا کہ وہ شعبہ میں گزرے وقت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور جب کبھی بھی شعبہ کو ان کی ضرورت ہوگی وہ ہمیشہ حاضر رہیں گے۔فیئرویل کمیٹی کے کنوینر پروفیسر ناصر ضمیر قریشی نے حاضرین کاشکریہ اداکیاجبکہ نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹرشیماتراب نے انجام دیئے۔